اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے راجواڑ ہندوارہ علاقے میں فورسزاور جنگجوﺅں کے درمیان ایک خون ریز جھڑپ میں 4 فوجی ،ایک ایس او جی اہلکار اور2جنگجو ہلاک ہوگئے۔ہلاک شدگان میں فوج کا ایک کرنل( کمانڈنگ آفیسر)، میجر،2 اہلکار اور ایس او جی کا سب انسپکٹر شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راجواڑ ہندوارہ کے ڑنجہ مولہ علاقہ میں گذشتہ روز فوج کے 21 را شٹرایہ رائفلز اور سپیشل آپریشن گروپ اہلکاروں نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر مخصوص علاقے کو محاصرے میں لیکر جنگجو ﺅں کی تلاش شروع کی ۔اس دوران دن بھر کی تلاشی کارروائی کے بعد شام کو فوج اور جنگجو ﺅں کے درمیان مختصر گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ذرائع کے مطابق علاقہ میں فوج کی مزید کمک طلب کی گئی اور چھپے بیٹھے جنگجو ﺅں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی شروع کی گئی۔ ذرائع نے کہا کہ زور دار فائرنگ کے دوران جنگجو ﺅں نے ایک رہائشی مکان میں پناہ لی۔فوج کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر جنگجوﺅں نے مکان میں موجود عام شہریوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کی تاہم فوجی کرنل کی قیادت میں فورسز کی ایک ٹیم کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں عام شہریوں کو بچالیا گیا۔ فوج کے مطابق تاہم اس دوران مذکورہ ٹیم جنگجوﺅں کی فائرنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں کرنل آشوتوش شرما ، میجر انوج سود ،نائک راجیش اور لانس نائک دنیش نامی فوجی ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ ٹیم میں شامل جموں کشمیر پولیس کی ایس او جی ونگ کا ایک سب انسپکٹر بھی ہلاک ہوگیا۔ کرنل شرما21آر آر کا کمانڈنگ آفیسر تھا اور اُسے کشمیر میں ابھی تک بہادری کیلئے دو میڈل عطا ہوئے تھے۔کرنل شرما کا تعلق اُتر پردیش کے بلند شہر جبکہ میجر سود کا تعلق چندی گڑھ سے تھا۔