کپواڑہ میں مردز ون کا محکمہ جل شکتی اور پی ڈی ڈی کے خلاف زور دار احتجاج
موسم سر ما کے ایام میں بھی بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے خلاف کپواڑہ کے درازی پورہ میں مرد و زن نے محکمہ بجلی اور جل شکتی کے خلاف زور دار احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی اور پانی کی سپلائی جلد بحال کر دی جائے ۔ سی این آئی نمائندے نے اس ضمن میں کپواڑہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے خلاف درازی پورہ کپواڑہ کے مرد و زن نے منگل کو سڑکوں پر نکل کر زور دار احتجاج کیا ۔ نمائندے کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے محکمہ بجلی اور جل شکتی کے خلاف زور دار نعرہ بازی کی اور الزام عائد کیا کہ علاقے میں گزشتہ کئی دنوں سے نہ تو بجلی اور نہ ہی پانی کا کوئی نام و نشان ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو سردیوں کے ان ایام میں سخت ترین پریشانیوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جل شکتی علاقے میں پانی کی سپلائی بحال کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ بجلی محکمہ کا بھی یہی حال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بار بار متعلقہ محکموں کو بھی اس بات سے آگاہ کیا گیا کہ علاقے میں بجلی او ر پانی کی دستیابی کو یقینی بنائی جائے تاہم انہوں نے آج تک اس کی جانب کوئی توجہ فراہم نہیںکی جس کے نتیجے میں لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہے ۔ احتجاجی مظاہرین نے واضح کر دیا کہ ان کے مطالبات کو جلد حل نہیںکیا گیا تو احتجاجی مظاہروں میں شدت لائی جائے گی جس کی ذمہ داری متعلقہ محکموں پر عائد ہو گی ۔ نمائندے کے مطابق اس دوران پولیس و سیول انتظامیہ کے افیسران جائے واقع پر پہنچ گئے جنہوں نے احتجاجی مظاہرین کی یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات کو جلد حل کرانے کیلئے انتظامیہ پر زور دیا جائے گا جس کے بعد انہوں نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ۔